دنیا بھر میں زیادہ تر مسافر بردار طیارے سفید رنگ میں نظر آتے ہیں، تاہم نیوزی لینڈ کی قومی ایئرلائن “ایئر نیوزی لینڈ” کے کئی جہاز کالے رنگ میں بھی دیکھے جا سکتے ہیں، جس نے مسافروں اور ماہرین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر جہازوں کو سفید رنگ دینے کی بنیادی وجہ تکنیکی اور معاشی فوائد ہیں۔ سفید رنگ سورج کی روشنی کو منعکس کرتا ہے جس سے طیارہ کم گرم ہوتا ہے، ایندھن کی کارکردگی بہتر رہتی ہے اور کولنگ سسٹم پر کم دباؤ پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ سفید رنگ پر کسی بھی دراڑ یا تکنیکی خرابی کو جلدی دیکھا جا سکتا ہے، جو حفاظتی اعتبار سے اہم ہے۔
دوسری جانب ایئر نیوزی لینڈ نے روایتی سفید کے بجائے کالے رنگ کو اپنی قومی شناخت کے طور پر اپنایا ہے۔ نیوزی لینڈ میں سیاہ رنگ کو خاص اہمیت حاصل ہے، خصوصاً ملک کی مشہور رگبی ٹیم “آل بلیکس” کی وجہ سے، جو عالمی شہرت رکھتی ہے۔ ایئر لائن کے کالے جہاز دراصل برانڈنگ حکمت عملی کا حصہ ہیں تاکہ عالمی سطح پر ان کی پہچان منفرد اور نمایاں رہے۔
مزید برآں، بعض جہازوں پر ماوری ثقافت سے متاثر ڈیزائن بھی بنائے گئے ہیں، جو نیوزی لینڈ کی ثقافتی وراثت کی عکاسی کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری کا پہلا مرحلہ مکمل، پری کوالیفائیڈ بڈرز سامنے آ گئے، خوش قسمت کون؟ فیصلہ 3 بجے ہوگا

