خیبرپختونخوا میں کابینہ کی توسیع ایک بار پھر اندرونی اختلافات کی نذر ہو گئی ہے، جس کے باعث نئے ارکان کی شمولیت کا عمل فی الحال موخر کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دو مجوزہ ارکان کی شمولیت پر شدید تحفظات سامنے آنے کے بعد معاملہ پیچیدہ صورت اختیار کر گیا، جس کے نتیجے میں توسیع کا اعلان مؤخر کرنا پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں 12 سے 14 نئے ارکان کو شامل کرنے کا ابتدائی فیصلہ کیا گیا تھا، جن میں 3 سے 4 صوبائی وزراء کے علاوہ معاونینِ خصوصی اور مشیروں کی تقرری بھی زیر غور تھی۔ تاہم بعض ناموں پر پارٹی کے اندر اختلاف رائے سامنے آیا، جس کے بعد مشاورت کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ عید سے قبل کابینہ میں توسیع کے خواہاں تھے، تاہم موجودہ ملکی صورتحال اور اندرونی مشاورت کے باعث فیصلہ مؤخر کر دیا گیا۔ پارٹی کی سیاسی کمیٹی کی جانب سے اصولی طور پر کابینہ توسیع کا اشارہ دیا جا چکا ہے، تاہم حتمی اعلان باہمی اتفاق رائے کے بعد ہی متوقع ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کابینہ میں توسیع سے حکومتی امور کی رفتار تیز کرنے اور مختلف محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے، تاہم اندرونی اختلافات کو بروقت حل کرنا حکومت کے لیے ایک اہم چیلنج ثابت ہو رہا ہے۔