وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے دو مختلف مقامات پر بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہیں اور ان کی بروقت کارروائیوں سے ملک کو بڑے خطرات سے محفوظ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا مکمل صفایا ہونے تک آپریشنز جاری رہیں گے اور ملک کے ہر کونے کو ان عناصر سے پاک کیا جائے گا۔