ایران کے شہر میناب میں لڑکیوں کے ایک اسکول پر ہونے والے اسرائیلی حملے میں جاں بحق طالبات کی تعداد بڑھ کر 51 ہو گئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات میں ہلاکتوں کی تعداد 5 بتائی گئی تھی، تاہم بعد ازاں غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جانی نقصان میں نمایاں اضافہ ہوا۔
یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد تہران، اصفہان، قم، کرج، کرمان شاہ، لورستان اور تبریز سمیت مختلف شہروں میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
رپورٹس کے مطابق ایرانی صدارتی محل اور سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کے قریب بھی سات میزائل گرے۔ ایرانی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ حملوں میں پاسدارانِ انقلاب کے متعدد سینئر کمانڈرز اور بعض سیاسی شخصیات جاں بحق ہوئیں۔
ایرانی حکام کے مطابق صدر مسعود پزشکیان محفوظ رہے، جبکہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو احتیاطاً محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔