حج آپریشن کا آغاز، پہلی پرواز کب روانہ ہوگی، حکومت نے اعلان کردیا

حج آپریشن کا آغاز، پہلی پرواز کب روانہ ہوگی، حکومت نے اعلان کردیا

پاکستان سے رواں سال حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز 18 اپریل سے ہوگا اور پہلی حج پرواز عازمین کو لے کر حجاز مقدس روانہ ہوگی۔ ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق پہلے روز مجموعی طور پر 4 پروازوں کے ذریعے عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 18 اپریل کو کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے پہلی حج پروازیں روانہ ہوں گی۔ ان پروازوں کے ذریعے عازمین کو مرحلہ وار مدینہ منورہ منتقل کیا جائے گا جہاں وہ قیام کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:حج پروازیں شیڈول کے مطابق سعودی عرب روانہ ہوں گی، وزارت مذہبی امور

میڈیا رپورٹس مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 468 پروازوں کے ذریعے عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔ اس سال سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جائیں گے۔ وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور پروازوں کا شیڈول، رہائش، ٹرانسپورٹ اور کھانے پینے کی سہولیات کے حوالے سے سعودی حکام کے ساتھ مکمل رابطہ ہے۔

حکام کے مطابق عازمین کو آئندہ ہفتے ان کی متعلقہ پروازوں، روانگی کے اوقات اور تربیتی شیڈول سے آگاہ کر دیا جائے گا۔ عازمین حج کے لیے ملک بھر میں تربیتی ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے جہاں انہیں مناسک حج، سفری ہدایات اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ مکمل تیاری کے ساتھ مقدس سفر پر روانہ ہوں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عازمین کی سہولت کے لیے ائیرپورٹس پر خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے جبکہ طبی معائنے اور ویکسینیشن کا عمل بھی مکمل کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ رہنمائی کے لیے معاون عملہ بھی ہمراہ موجود ہوگا تاکہ بزرگ اور پہلی بار سفر کرنے والے عازمین کو کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *