وزیرِاعظم شہباز شریف سے وزیرِداخلہ محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات

وزیرِاعظم شہباز شریف سے وزیرِداخلہ محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات

وزیرِاعظم شہباز شریف سے وزیرِداخلہ محسن نقوی کی اہم ملاقات ہوئی جس میں وزیر داخلہ نے یورپ میں منعقد ہونے والے 4 ملکی اور 6 فریقی وزرائے داخلہ اجلاسوں میں اپنی شرکت اور پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو بتایا کہ روم اور اٹلی میں منعقدہ چار ملکی اجلاس میں پاکستان کے علاوہ اٹلی، سپین اور یونان کے وزرائے داخلہ شریک ہوئے۔ اجلاس میں غیر قانونی ہجرت کی روک تھام، قانونی روزگار کے مواقع اور انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:محسن نقوی کی بڑی سفارتی کامیابی، سری لنکن صدر کا پاکستان کے لیے بڑا اعلان

محسن نقوی نے بتایا کہ شریک ممالک نے پاکستانی شہریوں کے لیے قانونی ورک پرمٹ کے جلد از جلد اجراء پر اتفاق کیا ہے تاکہ نوجوان محفوظ اور قانونی راستے سے یورپی ممالک میں روزگار حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے غیر قانونی طور پر یورپی ممالک کا رخ کرنے والوں کی تعداد میں صرف ایک سال کے دوران سینتالیس فیصد کمی لانے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا اور اسے ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا گیا۔

پولینڈ میں 6 فریقی اجلاس

وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو پولینڈ میں ہونے والے چھ فریقی وزرائے داخلہ اجلاس سے بھی آگاہ کیا جس میں پاکستان کے علاوہ پولینڈ، لیٹویا، فن لینڈ، ایسٹونیا اور لیتھوانیا کے وزرا داخلہ شریک تھے۔ اجلاس میں سرحدی نگرانی کے نظام، معلومات کے تبادلے اور مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا۔

انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ پولینڈ اور اٹلی پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے جلد ویزا کی شرط ختم کرنے پر آمادہ ہیں، جس سے دو طرفہ تعلقات اور سرکاری سطح پر تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

امیگریشن اور بارڈر سیکیورٹی میں بہتری

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی امیگریشن اور بارڈر سیکیورٹی کی صلاحیت میں بہتری کے لیے ایک جامع منصوبہ جلد یورپی یونین کے سامنے پیش کیا جائے گا، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی، تربیت اور معلوماتی نظام کو مزید موثر بنانا ہے۔ انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ مزید مضبوط کیا جائے گا۔

وزیراعظم کا ردعمل

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ کی کاؤشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لیے  قانونی روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور غیر قانونی ہجرت کی حوصلہ شکنی کیلیے پرعزم ہے۔ ملاقات میں ملکی داخلی صورتحال اور مجموعی سیکیورٹی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق یورپی ممالک کے ساتھ یہ پیش رفت پاکستان کی سفارتی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص بھی مضبوط ہوگا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *