رمضان المبارک 2026 کے دوران ملک بھر میں بینکاری نظام کے اوقات میں عارضی تبدیلی کر دی گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سرکاری اور نجی بینکوں کے لیے خصوصی شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام روزہ دار ملازمین اور صارفین کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق رمضان المبارک کے دوران پیر سے جمعرات تک بینکوں کے دفتری اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ہوں گے، جبکہ جمعہ کے روز دفتری امور صبح 9 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک انجام دیے جائیں گے۔ عوامی لین دین کے لیے پیر سے جمعرات تک صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک جبکہ جمعہ کے روز صبح 9 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک بینکاری خدمات فراہم کی جائیں گی۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ یہ شیڈول رمضان المبارک کے پورے مہینے کے دوران نافذ العمل رہے گا، جبکہ رمضان کے اختتام کے بعد بینکوں کے اوقات کار دوبارہ معمول کے مطابق بحال کر دیے جائیں گے۔
ادھر پاکستان میں رمضان المبارک 2026 کے آغاز سے متعلق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پہلا روزہ جمعرات 19 فروری یا جمعہ 20 فروری کو ہو سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی اعلان رویتِ ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند نظر آنے کے بعد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اگر شعبان 29 دن کا ہوا تو رمضان 19 فروری سے شروع ہوگا، جبکہ شعبان کے 30 دن مکمل ہونے کی صورت میں پہلا روزہ 20 فروری کو ہوگا۔ چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس 18 فروری کی شام کو منعقد کیا جائے گا۔