ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ سنگین صورتحال اور ایران و امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایک انتہائی اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی کےلیئے تیارہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارکہ طاہر حسین اندرابی نے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان خطے میں قیامِ امن اور کسی بھی ممکنہ جنگ کو روکنے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور اگر دونوں فریق (ایران اور امریکہ) راضی ہوں تو اسلام آباد ان کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کر سکتا ہے۔
سی این این سے گفتگو کے دوران انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی ہمیشہ سے یہ پالیسی رہی ہے کہ پیچیدہ سے پیچیدہ مسائل کو بھی سفارت کاری اور بامقصد گفتگو کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے کیونکہ فوجی تصادم پورے خطے کی معیشت اور سیکیورٹی کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب اس سفارتی پیش کش کو عالمی حلقوں میں بہت اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ پاکستان کے ایران کے ساتھ برادرانہ اور امریکہ کے ساتھ تزویراتی تعلقات ہیں، جو اسے ایک مثالی ثالث کے طور پر پیش کرتے ہیں۔
طاہر حسین اندرابی نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت خطے میں تناؤ کو کم کرنے کے لیے مختلف دارالحکومتوں کے ساتھ رابطے میں ہے اور وہ تہران و واشنگٹن کے درمیان غلط فہمیاں دور کرنے کے لیے ایک پل کا کردار ادا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
ترجمان دتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مشن خطے کو ایک نئی جنگ سے بچانا ہے، اور اگر فریقین کی جانب سے مثبت اشارے ملتے ہیں تو پاکستان فوری طور پر مذاکراتی عمل کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دے دے گا۔