عراق اور امارات کے قریب آئل ٹینکرز پر حملے، حزب اللہ نے اسرائیلی اڈوں پر ڈرون، میزائل اور راکٹ برسا دیئے

عراق اور امارات کے قریب آئل ٹینکرز پر حملے، حزب اللہ نے اسرائیلی اڈوں پر ڈرون، میزائل اور راکٹ برسا دیئے

مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے 13 ویں  روز عراق کی سمندری حدود میں دو آئل ٹینکرز پر حملہ جبکہ متحدہ عرب امارات کے قریب بھی کنٹینر جہاز کو نشانہ بنایا گیا ، عمان میں سلالہ پورٹ پر تیل کے ذخیرے میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ حزب اللہ نے اسرائیل پر میزائلوں کی بارش برسادی ۔ 

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے جمعرات کی صبح تل ابیب کے مضافات میں 8200 انٹیلی جنس یونٹ کے مرکز پر نوعی راکٹ داغنے کا اعلان کیا ، یہ  حملہ  حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کے خلاف جاری فوجی کارروائی کا تازہ اقدام ہے۔

حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے شمالی اسرائیل میں یاعرا بیرکس پر ڈرون حملہ کیا، اس کے علاوہ تنظیم نے بیت لِد فوجی اڈے، تل ابیب کے قریب گلیلوٹ بیس اور حیفا کے نزدیک اٹلیٹ بیس پر بھی میزائل حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تنظیم کے بیان کے مطابق اس نے جنوبی لبنان میں موجود اسرائیلی فوجی دستوں کو توپ خانے سے نشانہ بنایا، اس کے ساتھ ہی اسرائیلی شہر نہاریہ کی جانب ڈرون اور راکٹ بھی داغے گئے۔

، ان حملوں  کے جواب میں اسرائیل نے جنوبی بیروت میں حزب اللہ کے 10 اہداف کو نشانہ بنایا، لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل اور حزب اللہ کے ایک دوسرے پر حملے جاری ہیں، اب تک 634 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں، ہزاروں افراد زخمی  اور 8 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

امریکی و اسرائیلی حملوں سے ایران میں شہری شہادتوں کی تعداد 1300 سے بڑھ چکی ہے، 12 ہزار سے زیادہ افراد زخمی جبکہ 10 ہزار سے زیادہ شہری عمارات تباہ ہو چکی ہیں۔

خیلجی ممالک پر تازہ حملے 

کویت کے جنوبی علاقے میں رہائشی عمارت کو فجر کے وقت  ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا جس میں کم از کم دو افراد زخمی ہو گئے۔

متحدہ عرب امارات کے قریب کنٹینر جہاز پر حملہ ہوا، جبلِ علی سے 35 ناٹیکل میل شمال میں جہاز کو نامعلوم پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا گیا، حملے کے بعد جہاز پر معمولی آگ لگ گئی، برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق تمام عملہ محفوظ ہے۔

عراق کے پانیوں میں دو غیر ملکی ٹینکرز جو عراقی فیول آئل لے جا رہے تھے، نامعلوم حملوں کا نشانہ بنے، جس کے نتیجے میں دونوں جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی، حکام نے دونوں جہازوں سے کامیابی کے ساتھ 25 عملے کے ارکان کو محفوظ نکال لیا ہے۔

ریسکیو کی کوششوں کے باوجود دونوں جہازوں میں آگ بھڑکی ہوئی ہے اور ابھی آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا، ایک شخص ہلاک ہو چکا ہے۔

عمان کی سلالہ پورٹ پر مبینہ ایرانی حملے سے بڑے پیمانے پر تیل کے ذخیرے میں آگ لگ گئی۔

ایران نے عمان کی تیل تنصیبات پر حملے میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمان میں تیل کی تنصیب پر حملہ علاقائی تناؤ بڑھانے کی سازش ہے، بعض اوقات امریکا اور اسرائیل اشتعال انگیز اقدام کرتے ہیں۔

اسرائیل کے وسطی ایران پر حملے

ادھر اسرائیل نے وسطی ایران میں اصفہان کے مقامات کے ساتھ ساتھ کرج کے علاقے پر بھی حملے کیے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ملک کے وسط میں واقع اصفہان میں ایوی ایشن کالج کو نشانہ بنانے کی اطلاع ملی ہے ، اسی طرح سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر میں تہران کے مغرب میں واقع کرج کے مقامات پر بمباری دکھائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 28 فروری کو جنگ کے آغاز سے اب تک، امریکہ اور اسرائیل نے ایرانی اہداف کے وسیع سلسلے پر حملے کیے ہیں، جن میں فضائی دفاع، ایٹمی مقامات اور اعلیٰ قیادت کے ارکان شامل ہیں۔

اسی طرح پہلے دن ہونے والے حملوں کے نتیجے میں ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے ساتھ ساتھ پاسداران انقلاب کے کمانڈر محمد پاکپور، مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف عبدالرحیم موسوی اور وزیر دفاع شہید ہو گئے تھے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *