دنیا کے امیر ترین افراد کی نئی فہرست آگئی،ایلون مسک کی دولت کا نیا ریکارڈ

دنیا کے امیر ترین افراد کی نئی فہرست آگئی،ایلون مسک کی دولت کا نیا ریکارڈ

الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی امریکی کمپنی ٹیسلا کے بانی ایلون مسک دنیا کے پہلے کھرب پتی بننے کے قریب پہنچ گئے ہیں جبکہ عالمی سطح پر ارب پتی افراد کی مجموعی دولت تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی ہے۔

فوربز ورلڈ بلینئرز کی تازہ فہرست کے مطابق اس وقت دنیا میں ارب پتی افراد کی تعداد ریکارڈ 3 ہزار 428 تک پہنچ چکی ہے اور ان کی مجموعی دولت بڑھ کر 20.1 کھرب ڈالر ہوگئی ہے، جو اب تک کی سب سے زیادہ سطح ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی دولت میں گزشتہ ایک سال کے دوران غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور ان کے اثاثوں کی مالیت بڑھ کر 839 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ ایک سال کے دوران ان کی دولت میں تقریباً 500 ارب ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا جس کی بڑی وجہ ٹیسلا اور اسپیس ایکس کی مارکیٹ ویلیو میں نمایاں اضافہ بتایا جا رہا ہے۔

فوربز کے مطابق ایلون مسک دنیا کے پہلے شخص بن گئے ہیں جن کی مجموعی دولت 800 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے اور وہ دنیا کے پہلے کھرب پتی بننے کے قریب سمجھے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان سے بیرون ملک جانیوالی پروازوں سے متعلق اہم خبر،کس شہر سے کتنی پروازیں اڑان بھریں گی؟

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیزی سے بڑھتی سرمایہ کاری، غیر مستحکم مالیاتی منڈیاں اور مختلف ممالک کی معاون مالیاتی پالیسیاں عالمی سطح پر دولت میں اضافے کا باعث بنی ہیں۔ ان عوامل کے نتیجے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 400 نئے افراد بھی ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔

فوربز کے مطابق ارب پتی افراد کی بڑھتی تعداد کے باعث ان کی مجموعی دولت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ایک سال کے دوران اس میں تقریباً 4 کھرب ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ بڑھ کر 20.1 کھرب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے۔

دنیا کے امیر ترین افراد میں ایمیزون کے بانی جیف بیزوز کی دولت 224 ارب ڈالر جبکہ میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کی دولت 222 ارب ڈالر بتائی گئی ہے اور وہ امیر ترین افراد کی فہرست میں بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کا بڑا اعلان،خام تیل کی قیمتوں میں 15فیصد کمی

دنیا میں سب سے زیادہ ارب پتی افراد امریکا میں رہتے ہیں جہاں مجموعی طور پر 989 افراد ارب پتی ہیں جبکہ امیر ترین 20 افراد میں سے 15 کا تعلق بھی امریکا سے ہے۔

چین دوسرے نمبر پر ہے جہاں ہانگ کانگ سمیت 610 ارب پتی افراد موجود ہیں جبکہ بھارت 229 ارب پتی افراد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دولت میں بھی 27 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ان کے اثاثوں میں اضافے کی بڑی وجہ کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری اور ان کے خلاف قائم کیے گئے بعض فراڈ کیسز کے جرمانوں کا خاتمہ قرار دیا گیا ہے۔ اس وقت ٹرمپ 6.5 ارب ڈالر دولت کے ساتھ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں 645 ویں نمبر پر ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *