جنگ بندی پر برادر ملک پاکستان سمیت تمام فریقین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد،ترک صدر

جنگ بندی پر برادر ملک پاکستان سمیت تمام فریقین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد،ترک صدر

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ اعلان کردہ جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ معاہدہ ہر قسم کی اشتعال انگیزی اور تخریبی کارروائیوں سے محفوظ رہتے ہوئے مکمل طور پر نافذ کیا جائے گا، انہوں نے اپنے پیغام میں اس پیش رفت کو خطے کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم قرار دیا۔

صدر اردوان نے خطے کی حالیہ کشیدہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 28 فروری سے جاری تنازع نے پورے علاقے کو عملی طور پر جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا تھا، تاہم گزشتہ شب ہونے والا جنگ بندی کا اعلان ایک اہم پیش رفت ہے جو امن کی جانب پیش قدمی کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے اس پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اصل امتحان اب اس بات کا ہے کہ اس جنگ بندی کو عملی طور پر کس حد تک برقرار رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی ممکنہ اشتعال، سازش یا تخریب کاری کو موقع دیے بغیر اس معاہدے پر مکمل عملدرآمد ناگزیر ہے، کیونکہ ایسے حساس مرحلے پر معمولی سی لغزش بھی دوبارہ کشیدگی کو جنم دے سکتی ہے، صدر اردوان نے ان تمام ممالک اور شخصیات کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے جنگ بندی کے حصول میں کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں :پی ٹی آئی کا امریکا ایران جنگ بندی پر پاکستانی کردار کی تعریف یا تنقید؟ردعمل سامنے آگیا

خصوصی طور پر انہوں نے پاکستان کو دوست اور برادر ملک قرار دیتے ہوئے اس کی سفارتی کوششوں کو دل سے خراجِ تحسین پیش کیا، اور کہا کہ پاکستان نے امن کے قیام کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔

صدر اردوان نے مزید کہا کہ یہ خطہ ماضی میں جنگ، تصادم اور انسانی المیوں کا طویل عرصہ دیکھ چکا ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ یہاں کے عوام کو امن، سکون اور استحکام میسر آئے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترکیہ ہمیشہ کی طرح خطے اور عالمی سطح پر امن، مکالمے اور مفاہمت کے فروغ کے لیے اپنی آواز بلند کرتا رہے گا اور ہر اس اقدام کی حمایت جاری رکھے گا جو دنیا کو تنازعات سے نکال کر استحکام اور خوشحالی کی جانب لے جائے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *