چار روزہ ورکنگ ویک کے نفاذ سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہفتے میں تین دن تعطیلات دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی پالیسی کی طرز پر گلگت بلتستان کی طرف سے بھی باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔چ
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت گلگت بلتستان نے چار روزہ ورکنگ ویک نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری امور میں بہتری، ملازمین کی کارکردگی میں اضافہ اور ورک لائف بیلنس کو بہتر بنانا بتایا جا رہا ہے۔
حکومت کی جانب سے سرکاری دفاتر کے نئے اوقات کار بھی جاری کر دیے گئے ہیں، جن کے مطابق گلگت بلتستان میں تمام سرکاری دفاتر پیر سے جمعرات تک کھلے رہیں گے۔ ان چار دنوں میں دفتری اوقات کو قدرے بڑھایا جا سکتا ہے تاکہ کام کے تسلسل کو برقرار رکھا جا سکے اور عوامی خدمات متاثر نہ ہوں۔
نئی پالیسی کے تحت جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو سرکاری تعطیلات ہوں گی، جس کے باعث سرکاری ملازمین کو ہفتے میں تین دن کی چھٹی میسر آئے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف ملازمین کی ذہنی و جسمانی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ توانائی کے استعمال میں کمی اور انتظامی اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔
حکام کے مطابق اس پالیسی کے نفاذ کے بعد اس کے اثرات کا باقاعدہ جائزہ بھی لیا جائے گا، تاکہ ضرورت پڑنے پر مزید بہتری لائی جا سکے۔