کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مایہ ناز مسٹری اسپنر ابرار احمد نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے موجودہ سیزن میں ان کی تمام تر توجہ اپنی باؤلنگ کی مہارت کو مزید نکھارنے پر مرکوز ہے اور وہ اس بار اپنی ٹیم کو چیمپیئن بنتا دیکھ رہے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ابرار احمد کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کے لیے روزانہ چند منٹ دینا ہی ان کے لیے کافی ہے کیونکہ ان کا اصل ہدف حریف ٹیم کی وکٹیں اڑانا ہے۔
ابرار احمد نے انکشاف کیا کہ وہ گراؤنڈ میں اپنے ساتھی باؤلر عثمان طارق کے ساتھ مل کر مخصوص پلان کے تحت باؤلنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’اگر بیٹرز دفاعی انداز اختیار کریں تو میری کوشش ہوتی ہے کہ انہیں شاٹس کھیلنے کا موقع نہ دوں، رنز روک کر دباؤ بڑھاؤں اور وکٹیں حاصل کروں‘۔
ان کا ماننا ہے کہ مسلسل مؤثر اوورز کسی بھی بڑے بیٹر کے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔ اسپنر نے ٹیم کے توازن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بار کوئٹہ کی اسپن، فاسٹ باؤلنگ اور بیٹنگ لائن انتہائی مضبوط ہے، اسی لیے وہ فائنل کھیلنے اور ٹائٹل جیتنے کے لیے سو فیصد پُرامید ہیں۔
لیگ میں نئی ٹیموں کی شمولیت کے حوالے سے ابرار احمد کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے مقابلہ مزید سخت ہو گیا ہے اور بہت سے نئے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نئی ٹیمیں بھی جلد دیگر تجربہ کار ٹیموں کی طرح بہترین کارکردگی دکھانے کے قابل ہو جائیں گی۔
وکٹوں کے رویے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران زیادہ استعمال ہونے والی پچیں اسپنرز کے لیے مددگار ثابت ہوتی ہیں اور ٹیموں نے اسی تناظر میں اپنی حکمتِ عملی تیار کی ہوگی۔
اپنی مشہور زمانہ سیلیبریشن کے بارے میں سوال پر ابرار احمد نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ کسی نئے انداز کے بجائے اپنا ‘پرانا سیلیبریشن اسٹائل’ ہی برقرار رکھنا پسند کرتے ہیں۔
شائقینِ کرکٹ ابرار احمد کی اس خود اعتمادی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے ایک مثبت علامت قرار دے رہے ہیں، خاص طور پر2026کے اس سیزن میں جہاں ہر رن اور ہر وکٹ کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔