اوگرا نے مٹی کے تیل کے بعد لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا ہے، اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل 22 روپے 3 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے، جس کے بعد ایل ڈی او کی نئی قیمت 365 روپے 62 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ رات مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا تھا، اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کا تیل 4 روپے 66 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا، جس کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت 433 روپے 40 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ قیمت میں یہ اضافہ آج سے نافذ العمل ہوگا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے مٹی کے تیل کی قیمت میں 70 روپے 73 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد قیمت 428 روپے 74 پیسے فی لیٹر تھی۔
دوسری جانب، سنگین معاشی بحران کے باوجود وزیر اعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ قوم سے خطاب میں وزیر اعظم نے بتایا کہ پٹرول کی قیمت 95 روپے اور ڈیزل کی قیمت 203 روپے فی لیٹر بڑھانے کی سمری پیش کی گئی تھی، لیکن حکومت نے اسے مسترد کر دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اضافی 56 ارب روپے کا بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں 100 ارب روپے کی کٹوتی اور کفایت شعاری کے اقدامات سے اربوں روپے بچائے گئے ہیں، اور حکومت نے محدود وسائل کے باوجود مہنگائی کے طوفان کو روکنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ حکومت کے اقدامات میں تعاون کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور وسائل کی بچت میں اپنا کردار ادا کریں۔