سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسکردو، لنڈی کوتل اور شمالی وزیرستان میں تعلیمی ادارے مزید دو روز کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں بالخصوص سرحدی علاقوں میں امن و امان کی غیر یقینی صورتحال کے باعث تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلے طلبہ اور اساتذہ کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔ سکردو میں تمام تعلیمی ادارے مزید دو روز کے لیے بند رہیں گے۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ امن عامہ کو لاحق خدشات کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
ضلع خیبر کی انتظامیہ نے بھی پاک-افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں میں تمام سرکاری اسکولوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کا فیصلہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔ شمالی وزیرستان کے سرحدی دیہات میں بھی اسکول بند کر دیے گئے ہیں تاکہ طلبہ اور عملہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہ سکے۔
دوسری جانب نگران وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان کی زیرِ صدارت اسپیشل اپیکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمیٹی نے دو ٹوک فیصلہ کیا کہ ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے شرپسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
کمیٹی نے یہ بھی واضح کیا کہ امن و امان کے قیام اور سرکاری تنصیبات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔