کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈرون حملے کے نتیجے میں ایئرپورٹ عملے کے متعدد افراد زخمی ہو گئے جبکہ ٹرمینل کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حملہ ایئرپورٹ کے آپریشنل حصے کے قریب کیا گیا، جس کے بعد فوری طور پر ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی۔
دھماکے کی آواز سننے کے بعد سیکیورٹی اور ریسکیو ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور زخمی ہونے والے عملے کے افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایئرپورٹ کے بعض حصوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا جبکہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے دبئی میں برج خلیفہ کے قریب واقع ایک فائیو اسٹار ہوٹل پر میزائل داغے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر فوری حفاظتی اقدامات کیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق میزائل کوکا کولا ایرینا سے پانچ سو میٹر سے بھی کم فاصلے پر گرا، جبکہ برج خلیفہ اس کے تقریباً سولہ سو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ میزائل شہر کے ایک حساس اور مصروف علاقے کے قریب گرا، جس کے باعث اطراف کی عمارتوں میں موجود افراد میں بے چینی پھیل گئی۔
واقعے کے بعد دبئی میں سیکیورٹی ادارے متحرک ہو گئے ہیں جبکہ دونوں واقعات کے حوالے سے حکام کی جانب سے مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔