آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی زیر صدارت نوکنڈی میں ایک عوامی جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلعی انتظامیہ، سیاسی و سماجی شخصیات، مقامی عمائدین اور معززینِ علاقہ نے بھرپور شرکت کی۔
جرگے کے دوران مقامی مسائل، مجموعی سیکیورٹی صورتحال، سرحدی امور اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں پائیدار امن کے قیام اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے مقامی افراد کا تعاون انتہائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف سی بلوچستان سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے اور انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
جرگے کے اختتام پر مقامی عمائدین نے امن و امان کے قیام اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایف سی بلوچستان کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور ایف سی کی جانب سے امن کے قیام اور فلاحی خدمات کو سراہا۔