جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کی جانب سے سول آبادی پر حملہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے وانا کے رستم بازار میں بارودی مواد کے دھماکے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ڈی ایس پی اصغر علی شاہ کے مطابق وانا رستم بازار میں بارودی مواد کا دھماکا ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
ڈی ایس پی کے مطابق بارودی مواد سپر مارکیٹ میں گیٹ کے قریب نصب کیا گیا تھا۔
دھماکے کے نتیجے میں 18 شہری بھی زخمی ہوئے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال وانا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔