ملک بھر میں آج سے موسم کا نیا رخ، تیز ہوائیں، گرج چمک اور ژالہ باری کا الرٹ جاری

ملک بھر میں آج سے موسم کا نیا رخ، تیز ہوائیں، گرج چمک اور ژالہ باری کا الرٹ جاری

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم جزوی ابر آلود رہنے کے بعد شام کے اوقات میں اچانک شدت اختیار کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات پاکستان نے پیش گوئی کی ہے کہ مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے، جو آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدت اختیار کر سکتا ہے۔ اس سسٹم کے باعث درجہ حرارت میں کمی جبکہ بعض علاقوں میں آندھی اور طوفانی بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

صوبہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اور قبائلی اضلاع میں موسم خاص طور پر شدید رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، خیبر، باجوڑ، لکی مروت، بنوں، کرک، ہنگو اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

اسی طرح پشاور، چارسدہ، صوابی، نوشہرہ، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، سوات، کالام اور شانگلہ سمیت پہاڑی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔

پنجاب کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بھی شام کے وقت موسم شدت اختیار کر سکتا ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور گجرات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

جبکہ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، قصور، ملتان، بہاولپور اور ساہیوال سمیت میدانی علاقوں میں بھی بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری ہو سکتی ہے، جس سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ صوبہ سندھ کے بالائی اضلاع سکھر، خیرپور، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح بلوچستان کے علاقوں خاران، خضدار، کیچ اور پنجگور میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ کوئٹہ، زیارت، چمن، ژوب، بارکھان اور قلعہ عبداللہ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

مزید پڑھیں:بارشوں کا نیا سلسلہ، جانیئے کن شہروں میں آئیندہ دو روز بارشیں ہونگی؟

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں محتاط رہیں، جبکہ کسانوں کو فصلوں کی حفاظت کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بجلی کے نظام میں خلل، درختوں کے گرنے اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *