ملک بھر میں موسلادھار بارشیں، محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی

ملک بھر میں  موسلادھار بارشیں، محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں، بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی ہے۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے جاری بارشوں کے پیش نظر ممکنہ خطرات و آفات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر ملک بھر میں متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے پیشگی الرٹس جاری کر رہا ہے، اور موجودہ صورتحال جنوری میں جاری کیے گئے 3 سے 4 ماہ کے موسمی جائزے کے عین مطابق ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اپریل تا جون کی ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ بھی جاری کیا جا رہا ہے، جبکہ ملک میں جاری بارش، برفباری اور ژالہ باری این ای او سی کے پہلے سے جاری کردہ الرٹس کے مطابق ہو رہی ہے۔

این ڈی ایم اے کے الرٹ کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے، جن میں گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، خپلو، شگر، مظفرآباد، باغ، حویلی، پونچھ، وادی نیلم، کوٹلی، میرپور اور بھمبر شامل ہیں، جبکہ بعض بالائی علاقوں میں برفباری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شدید بارشیں: مری جانے والے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، منگورہ، بٹگرام، پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح پنجاب کے علاقوں مری، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، گوجر خان، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، چنیوٹ، جھنگ، فیصل آباد، لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، گوجرہ، لیہ، میانوالی، بورے والا، ملتان اور ڈی جی خان میں بھی بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور آندھی کے باعث حد نگاہ میں کمی اور سڑکوں پر پھسلن پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ ژالہ باری سے فصلوں، گاڑیوں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، آندھی اور ژالہ باری کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، مقامی موسمی ہدایات پر عمل کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ بروقت معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کے استعمال کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارشوں اور گرج چمک کا نیا سلسلہ، محکمہ موسمیات کی بڑی پیشگوئی

ترجمان کے مطابق این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *