پاکستان کی منظوری کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سب سے بڑے مقابلے پاکستان بمقابلہ بھارت کے لیے شائقینِ کرکٹ میں جوش و خروش بڑھتا جا رہا ہے۔
کرکٹ مداح یہ جاننے کے لیے بے چین ہیں کہ وہ سری لنکا میں ہونے والا پاک بھارت میچ اور دیگر میچز دیکھنے کے لیے کس طرح سفر کر سکتے ہیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے سری لنکا سفر سے قبل Electronic Travel Authorisation (ETA) حاصل کرنا لازمی ہے، جس کا اطلاق ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز دیکھنے کے لیے سفر کرنے والوں پر بھی ہوگا۔
واضح کیا گیا ہے کہ پاکستانی شہریوں کو ویزا فری انٹری کی سہولت دستیاب نہیں۔ ای ٹی اے کے لیے درخواست سری لنکا کے سرکاری آن لائن پورٹل کے ذریعے دی جا سکتی ہے، جبکہ ٹورنامنٹ کے دوران زیادہ طلب کے باعث مسافروں کو جلد درخواست دینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
Electronic Travel Authorisation (ETA) ایک آن لائن منظوری ہے جو سری لنکا میں سیاحت، کاروبار یا ٹرانزٹ کی غرض سے مختصر مدت کے سفر کے لیے جاری کی جاتی ہے۔
ای ٹی اے کی منظوری کے بعد مسافروں کو سری لنکا پہنچنے پر 30 دن کا مختصر وزٹ ویزا ملتا ہے، جس کے دوران ڈبل انٹری کی اجازت ہوتی ہے۔ اس عمل میں پاسپورٹ کی کاپیاں، تصاویر یا فزیکل ویزا ویریفکیشن کی ضرورت نہیں ہوتی۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ درخواست دیتے وقت اپنی تمام ذاتی معلومات بالکل پاسپورٹ کے مطابق درج کریں، کیونکہ کسی بھی غلطی کی صورت میں درخواست واپس لینا پڑ سکتی ہے اور دوبارہ فیس ادا کرنا لازم ہو سکتا ہے۔