پاکستان میں معاشی سرگرمیوں میں بتدریج تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے اور ملک میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کا سلسلہ بھی مسلسل بڑھ رہا ہے۔ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق فروری کے مہینے میں ملک بھر میں 3444 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی، جس کے بعد پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 87 ہزار 49 تک پہنچ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 82 نئی کمپنیوں میں غیر ملکی شراکت داری بھی شامل ہے۔ چین سے تعلق رکھنے والے افراد نے 44 کمپنیوں میں ڈائریکٹر شپ حاصل کی جبکہ امریکا، برطانیہ، جرمنی، کینیڈا اور دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں نے بھی مختلف کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی۔
ہہ بھی پڑھیں:عوام تیار ہوجائیں،پٹرول کی قیمتوں میں بڑا اضافہ،پٹرول اور ڈیزل کتنا بڑھے گا؟اہم خبر آگئی
ایس ای سی پی کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں نے خاص طور پر مائننگ، ٹریڈنگ اور آئی ٹی سیکٹر میں دلچسپی دکھائی۔ صوبائی سطح پر کمپنیوں کی رجسٹریشن کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 1696، اسلام آباد میں 656 اور سندھ میں 555 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔
شعبہ وار جائزہ لیا جائے تو آئی ٹی اور ای کامرس کے شعبے میں 723 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جبکہ ٹریڈنگ میں 531، سروسز میں 434 اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں 323 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی۔ اس کے علاوہ مائننگ، ٹیکسٹائل، تعلیم، صحت، کھیلوں کے سامان، کیبلز اور الیکٹرک گڈز کے شعبوں میں بھی نئی کمپنیوں کے قیام کا رجحان دیکھنے میں آیا۔

