پاسپورٹ اور کریکٹر سرٹیفکیٹ بنوانے والوں کے لئے نئی سہولت متعارف

پاسپورٹ اور کریکٹر سرٹیفکیٹ بنوانے والوں کے لئے نئی سہولت متعارف

وفاقی پولیس نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک نئی موبائل ایپ “گلوبل پی کے ایم” لانچ کر دی ہے، جس کے ذریعے اوورسیز پاکستانی کئی اہم سرکاری خدمات آن لائن حاصل کر سکیں گے۔ اس ایپ کا مقصد بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کو آسانی فراہم کرنا اور ان کے لیے پاکستان آ کر معمولی کاموں کی انجام دہی کے عمل کو ختم کرنا ہے۔

حکام کے مطابق اس ایپ کے ذریعے بیرون ملک پاکستانی اب کیریکٹر سرٹیفکیٹ کا حصول، پاسپورٹ کی تجدید اور دیگر سرکاری دستاویزات کی تصدیق آسانی سے کر سکیں گے۔ اس اقدام سے نہ صرف وقت کی بچت ہو گی بلکہ پیسے کی بھی بچت ہو گی۔

ایپ کی رونمائی کی تقریب میں ہارون جوئیہ، ڈی جی اسلام آباد سیف سٹی اتھارٹی نے کہا کہ اس ایپ میں وہی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جو ملک کے خدمت مراکز میں دستیاب ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ڈیجیٹل نظام کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش ہے، جس سے سرکاری کاموں میں شفافیت آئے گی۔

حکام نے بتایا کہ پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ اور ایمپلائر ویریفکیشن بھی اب آن لائن ممکن ہو سکے گی، جس سے بیرون ملک ملازمت یا امیگریشن کے لیے درکار کاغذات کی تصدیق تیز اور مؤثر ہو جائے گی۔ اس ایپ کو 40 سے زائد ممالک میں موجود پاکستانی سفارتخانوں اور قونصل خانوں سے منسلک کیا گیا ہے تاکہ درخواستوں پر جلد کارروائی ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان میں پاسپورٹ کیسے بنوائیں ،فیس کیا ہوگی؟نئے شیڈول میں سب بتا دیا گیا

سیف سٹی حکام کے مطابق، اس جدید نظام سے جعلسازی کے امکانات کم ہوں گے اور غیر قانونی ویریفکیشن کا راستہ بھی روکا جا سکے گا۔ اوورسیز پاکستانی اپنے ملازمین کی تصدیق سمیت دیگر ضروری سروسز گھر بیٹھے حاصل کر سکیں گے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت “ڈیجیٹل پاکستان” وژن کے تحت مزید خدمات آن لائن لانے کا ارادہ رکھتی ہے، تاکہ شہریوں کو جدید اور آسان سہولتیں فراہم کی جا سکیں، خاص طور پر ان پاکستانیوں کو جو بیرون ملک رہ کر سرکاری امور کے لیے مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *