خطے کی بدلتی کشیدہ صورتحال، وزیراعظم نے روس کا دورہ منسوخ کر دیا، ہنگامی مشاورتی اجلاس طلب، عسکری قیادت بھی مدعو

خطے کی بدلتی کشیدہ صورتحال، وزیراعظم نے روس کا دورہ منسوخ کر دیا، ہنگامی مشاورتی اجلاس طلب، عسکری قیادت بھی مدعو

ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر وزیرِاعظم شہباز شریف نے اپنا 2 روزہ دورہ روس ملتوی کرتے ہوئے قومی سلامتی سے متعلق اہم ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے 2 مارچ کو روس کے دورے پر روانہ ہونا تھا، تاہم مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور سیکیورٹی خدشات کے باعث یہ دورہ غیر معمولی صورتحال کے تناظر میں منسوخ کر دیا گیا۔ یہ دورہ سفارتی اعتبار سے نہایت اہم تھا اور اس میں دو طرفہ تعاون، توانائی اور علاقائی استحکام جیسے معاملات زیر بحث آنا تھے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کا مشرق وسطیٰ میں 27 امریکی فوجی اڈوں پر چھٹا میزائل حملہ، دوحہ میں 11 دھماکے

ہنگامی مشاورتی اجلاس

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس طلب کیا ہے جو دوپہر کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں اعلیٰ عسکری قیادت، انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان اور متعلقہ وفاقی وزراء شریک ہوں گے۔

اجلاس میں ایران، افغانستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ سرحدی حالات، ممکنہ خطرات اور داخلی سلامتی کے امور پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ فضائی اور زمینی نگرانی کے اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔

پاکستان کی پالیسی پر مشاورت

میڈیا رپورٹس کے مطابق موجودہ صورتحال میں پاکستان کی پالیسی کے حوالے سے اہم مشاورت کی جائے گی اور آنے والے دنوں کے لیے رہنما اصول مرتب کیے جائیں گے۔ حکومت اس بات کا جائزہ لے گی کہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کا سفارتی اور سیکیورٹی ردعمل کیا ہونا چاہیے۔

اعلیٰ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور کسی بھی ممکنہ بحران کے اثرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس بلانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کی واپسی

وزیراعظم شہباز شریف کچھ دیر بعد اسلام آباد پہنچیں گے اور اجلاس کی صدارت کریں گے۔ حکومتی حلقوں کے مطابق صورتحال مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ خطے میں تیزی سے بدلتی صورتحال کے باعث پاکستان کو نہایت محتاط اور متوازن حکمت عملی اپنانا ہوگی تاکہ قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور ملک کسی بڑے بحران کے اثرات سے محفوظ رہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *