وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ کو ممکنہ حد تک کم رکھنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر خزانہ کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قائم کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں پیٹرولیم ذخائر، درآمدی انتظامات اور سپلائی چین کی صورت حال کا جامع جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران کمیٹی کو خام تیل اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کے موجودہ ذخائر، درآمدی انتظامات اور سپلائی چین کے لاجسٹکس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، کمیٹی اراکین کو راستے میں موجود کارگو جہازوں کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا تاکہ سپلائی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
کمیٹی کے ارکان نے اجلاس میں بتایا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں اور سپلائی چین مؤثر انداز میں کام کر رہی ہے۔ آئندہ ہفتے سپلائی کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کی خبریں من گھڑت: اوگرا کی سخت تردید
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی توانائی منڈیوں میں اس وقت نمایاں اتار چڑھاؤ جاری ہے، لیکن بروقت منصوبہ بندی اور مناسب اقدامات کی بدولت ملک میں سپلائی کی صورتحال مستحکم ہے۔
اجلاس میں عالمی سطح پر خام تیل اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور ممکنہ بیرونی منظرناموں کے ملکی معیشت پر اثرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ نے زور دیا کہ حکومت عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ممکنہ اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور سپلائی کی غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس کے دوران کمیٹی نے مختلف ممکنہ داخلی اور خارجی چیلنجز کا بھی تجزیہ کیا اور سپلائی چین میں ممکنہ رکاوٹوں کے ازالے کے لیے سفارشات مرتب کیں تاکہ عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

