امریکا امن مذاکرات میں شریک ہوگا، جے ڈی وینس، وٹکوف اور کشنر اسلام آباد جائیں گے، وائٹ ہاؤس

امریکا امن مذاکرات میں شریک ہوگا، جے ڈی وینس، وٹکوف اور کشنر اسلام آباد جائیں گے، وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے اپنی مذاکراتی ٹیم اسلام آباد بھیج رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق امریکی وفد میں جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہوں گے، جبکہ یہ ٹیم ہفتے کی صبح اسلام آباد میں مذاکرات کا آغاز کرے گی۔

کیرولین لیوٹ نے کہا کہ ایران نے جنگ بندی کی درخواست کی اور بالآخر جنگ بندی تجاویز پر اتفاق کر لیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے پر بھی اتفاق کیا تھا، تاہم ایران کا ابتدائی منصوبہ ناقابل قبول قرار دے کر مسترد کر دیا گیا، جس کے بعد ایران نے معقول تجاویز پیش کیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کی سرخ لکیریں تبدیل نہیں ہوئیں اور انہیں آبنائے ہرمز کے کھلنے کی توقع ہے، جبکہ مذاکرات کا پہلا راؤنڈ ہفتے کو ہوگا۔

وائٹ ہاؤس ترجمان کے مطابق صدر ٹرمپ نے منگل کے روز اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے بھی گفتگو کی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ لبنان اس جنگ بندی کا حصہ نہیں ہے اور اس حوالے سے نیتن یاہو سمیت دیگر فریقین سے بات چیت جاری رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: جنگ بندی پر برادر ملک پاکستان سمیت تمام فریقین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد،ترک صدر

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں ایرانی صدر نے دو ہفتوں کی جنگ بندی کے لیے اقدامات پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ایرانی صدر نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ ایران کا وفد مذاکرات کے لیے اسلام آباد آئے گا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے جامع مذاکرات اسلام آباد میں ہونے جا رہے ہیں، جس میں ایران کی جانب سے باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی جبکہ امریکا کی جانب سے جے ڈی وینس اور اسٹیو وٹکوف شریک ہوں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *