چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی حالات میں توانائی کا بحران صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس صورتحال کو پوری ذمہ داری کے ساتھ سنبھال رہی ہے اور اس کی اولین ترجیح ملک میں ایندھن کی فراہمی کو بلا تعطل جاری رکھنا ہے۔
رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ حکومت اس بات سے بخوبی آگاہ ہے کہ مہنگائی اور عالمی تنازعات کے اثرات عوام کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں، اسی لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ عوام پر بوجھ کم سے کم رکھا جائے۔
انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ جیسے ہی عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی آئے گی، اسی تناسب سے اس کا فائدہ براہِ راست پاکستانی عوام تک پہنچایا جائے گا۔
چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نے کہا کہ مشکل حالات میں قوم کا تعاون اور اتحاد ہی سب سے بڑی طاقت ہے، اور انشاءاللہ سب مل کر اس مرحلے سے بھی سرخرو ہو کر نکلیں گے۔