پاکستان بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے بعد حالیہ اضافے کا رجحان اچانک الٹ گیا اور قیمتوں کو ریورس گیئر لگ گیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 9 ہزار 500 روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 94 ہزار 662 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 8 ہزار 145 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 24 ہزار 92 روپے ہو گئی۔
ماہرین کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں یہ کمی دراصل عالمی مارکیٹ میں آنے والی گراوٹ کے باعث ہوئی ہے۔ عالمی سطح پر سونے کا بھاؤ 95 ڈالرز کمی کے بعد 4723 ڈالرز فی اونس تک آ گیا، جس کے اثرات براہ راست پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں پر بھی مرتب ہوئے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سے ایک روز قبل ہی سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا تھا، جب فی تولہ قیمت میں 15 ہزار 700 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس تیزی کے فوراً بعد اتنی بڑی کمی نے سرمایہ کاروں اور خریداروں کو محتاط بنا دیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کے رویوں میں تبدیلی سونے کی قیمتوں پر اثر انداز ہو رہی ہے۔