وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عیدالفطر کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک میں استحکام اور سلامتی کی دعا کی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے قوم سے اپنے خطاب میں ملکی معاشی اور توانائی کے چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی۔
وزیر خزانہ نے خبردار کیا کہ علاقائی کشیدگی اور جنگی حالات کے باعث توانائی انفرااسٹرکچر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر 69 ارب روپے کا بوجھ خود برداشت کیا تاکہ عوام پر کم سے کم مالی دباؤ ڈالا جا سکے، اور اس حوالے سے مزید اقدامات بھی جاری ہیں۔
محمد اورنگزیب نے محدود وسائل کے پیش نظر پائیدار اور دیرپا حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیمانڈ منیجمنٹ اور توانائی بچت کے اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپریل تک سپلائی کی صورتحال بہتر رہنے کی امید ہے، تاہم وسائل لامحدود نہیں ہیں۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ مستحق طبقات کے لیے ٹارگٹڈ ریلیف پیکیج تیار کیا جا رہا ہے اور عوام کو دعوت دی کہ وہ اپنی تجاویز حکومت تک پہنچائیں۔ انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم، آئی ٹی اور خزانہ سمیت تمام متعلقہ وزارتیں مشترکہ حکمت عملی پر کام کر رہی ہیں۔
محمد اورنگزیب کے مطابق حکومت معاشی صورتحال، تجارت اور سرمایہ کاری پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لے رہی ہے اور بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ وزیر خزانہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سپلائی سسٹم کو مکمل طور پر مانیٹر کیا جا رہا ہے۔