ملک کے مختلف حصوں میں بادل کب تک اور کہاں برسیں گے محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی آگئی ۔
محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان کے چند اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کشمیر اور خیبر پختونخوا میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں رات گئے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، لاہور کے علاقوں ٹاؤن شپ، گرین ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، گڑھی شاہو، دھرم پورہ، صدر، مغل پورہ، ہربنس پورہ، اچھرہ، گلبرگ، لکشمی چوک، نشتر، فیروز پور روڈ اور کینال روڈ سمیت متعدد علاقوں میں بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہے گا،ہوا کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ اور نمی کا تناسب 69 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے،صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن میں یہ 27 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی اور ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد سے زائد رہے گا، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان نہیں ہے۔
کراچی میں بھی آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ موسم خشک رہنے کا امکان ہے، دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے باعث موسم گرم رہے گا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے، موجودہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ہے اور مغربی سمت سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق آج بارش کا امکان نہیں تاہم 28 اور 29 مارچ کو بارش کے نئے سلسلے شہر پر اثر انداز ہوسکتے ہیں، شہر کا فضائی معیار تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔