محکمہ موسمیات نے اگلے چند دنوں کے دوران مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔ اس کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے جبکہ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم میں وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے، جن میں سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، نورپور تھل، گجرات اور گوجرانوالہ شامل ہیں۔ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے، جو زرعی علاقوں کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے شمالی اور پہاڑی اضلاع میں بھی بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی ہے۔ چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، بونیر اور کوہستان کے علاوہ مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، کرم، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ اور ہنگو میں بھی موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ جنوبی خیبرپختونخوا کے اضلاع کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، باجوڑ، مہمند اور خیبر میں بھی بارش متوقع ہے۔
سندھ میں زیادہ تر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم دادو، جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ اور لاڑکانہ میں وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔ ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کے بھی امکانات موجود ہیں۔
بلوچستان میں بھی کئی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی ہے۔ پنجگور، تربت، کیچ، آواران اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ دیگر شہروں میں لسبیلہ، خضدار، خاران، چاغی، دالبندین، قلات اور سبی شامل ہیں۔ مزید کوہلو، بارکھان، نصیرآباد، کوئٹہ، لورا لائی، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات اور مستونگ میں بھی بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بارش کے دوران ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے، لہذا شہری اور زرعی علاقے محتاط رہیں اور سیلابی ریلے سے بچاؤ کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔