حال ہی میں نسیم شاہ کی ایک متنازعہ ٹویٹ نے نہ صرف مداحوں کو حیران کیا بلکہ کرکٹ حکام کو بھی فوری ردِعمل پر مجبور کردیا۔ اس واقعے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا پالیسی پر سختی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، اب قومی ٹیم کے تمام سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے لیے لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی سوشل میڈیا پوسٹ سے قبل پی سی بی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے باقاعدہ اجازت حاصل کریں۔ یہ اقدام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کی جانب سے شیئر کیا جانے والا مواد ادارے کی پالیسی اور قومی مفاد کے مطابق ہو۔
پی سی بی نے نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ ان کے مینیجرز کو بھی سوشل میڈیا گائیڈ لائنز کی سختی سے یاددہانی کروادی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر غیر ذمہ دارانہ یا متنازع مواد کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس حوالے سے کھلاڑیوں کو واضح وارننگ بھی جاری کی گئی ہے کہ پالیسی کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔