ٹرمپ کا ایرانی پاور پلانٹس پر حملے ملتوی کرنےکا اعلان، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آگئی

ٹرمپ کا ایرانی پاور پلانٹس پر حملے ملتوی کرنےکا اعلان، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آگئی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایرانی پاور پلانٹس پر حملے پانچ دن کے لیے ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کے اعلان کے باعث تجارتی اوقات سے قبل ہی تیل کی قیمتیں تیزی سے گر گئیں۔ اعلان کے بعد برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ کی قیمت 109 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 94 ڈالر تک آگئی، تاہم بعد ازاں یہ دوبارہ بڑھ کر 97 ڈالر سے اوپر چلی گئی اور اس وقت برینٹ کروڈ تقریباً 100 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔

دوسری جانب امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، جو تقریباً 10 فیصد کم ہو کر 88.80 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان بہت مثبت بات چیت ہوئی ہے اور مشرق وسطیٰ میں جنگ کے مکمل اور حتمی حل سے متعلق انتہائی اچھی اور نتیجہ خیز گفتگو ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفصیلی اور تعمیری بات چیت پورا ہفتہ جاری رہے گی، جبکہ امریکی محکمہ جنگ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایرانی پاور پلانٹس اور انرجی تنصیبات پر ہر قسم کے فوجی حملے پانچ دن کے لیے روک دیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیٹو امریکہ کے بغیر ایک کاغذی شیر ہے، ہم ان کی یہ بزدلی یاد رکھیں گے: ڈونلڈ ٹرمپ

اس سے قبل صورتحال کشیدہ ہونے کے باعث امریکی خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی تھی جبکہ برینٹ خام تیل 113 ڈالر فی بیرل سے بھی اوپر چلا گیا تھا۔

دریں اثنا، پاکستان میں وزیراعظم شہباز شریف نے لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول پر لیوی 100 روپے سے بڑھا کر 300 روپے فی لیٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق عام صارفین، خصوصاً نچلے اور درمیانے طبقے کی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، جبکہ صرف لگژری گاڑیوں کے لیے استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول کی قیمت بڑھائی گئی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *