امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکا ایران جنگ بندی میں پاکستان کی کوششوں کو نمایاں قرار دیتے کہا کہ فیصلوں کا اختیار فریقین کے پاس ہے ، پاکستان محض سہولت کار ہے۔
رضوان سعید شیخ نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں گزشتہ ہفتوں سے جاری تھیں، تاہم ان کوششوں کا اختتام کامیاب جنگ بندی اور مذاکرات کے اعلان کے ساتھ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا ایران جنگ بندی سے متعلق پاکستان کے مثبت کردار اور سفارتی کوششوں پر بات چیت کی، یہ سفارت کاری اور مکالمے کی فتح ہے، پاکستان نے ہمیشہ مثبت سفارت کاری کو ترجیح دی۔
سفیرپاکستان نے فریقین کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے کہا کہ سفارت کاری کو کامیاب بنانے میں سعودی عرب، ترکیے، مصر، قطر، چین اور دیگرتمام ملکوں کے شکر گزار ہیں، ان کی مشترکہ کاوشوں سے جنگ بندی عمل میں آئی اور مذاکرات کا راستہ کھلا۔
پاکستانی سفیررضوان سعید کا کہنا تھا کہ چین نے پہلے دن سےفریقین کو تحمل اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا، ملک کی اعلیٰ ترین قیادت نے سفارتی کوششوں میں براہ راست کردار ادا کیا، مذاکراتی عمل کی کامیابی رازداری کی متقاضی ہے، بغیرکسی دباؤکے مذاکراتی عمل کے فیصلہ کن ہونے کا امکان غالب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ فیصلوں کا اختیار متعلقہ فریقین کے پاس ہے، پاکستان محض ایک سہولت کار ہے، ہم پوری دیانتداری سےکوشش کررہے ہیں، پاکستان کےخلیجی ممالک کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، خلیجی ریاستوں میں 55 لاکھ کے لگ بھگ پاکستانی مقیم ہیں۔
سفارتی کاوشوں اور جنگ بندی عمل کے دوران خلیجی اعلیٰ قیادت سے مشاورت جاری رہی، ہمیں امید ہے کہ یہ عاجزانہ اور پرخلوص کوشش نتیجہ خیز ثابت ہوگی۔
انٹرویو میں پاکستانی سفیر نے واضح کیا کہ خطے میں امن اور استحکام کا مثبت اثر نہ صرف خلیج بلکہ دنیا بھرکی سیاست اورمعیشت پر اثر ڈالے گا۔