وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے عوام دوستی کا ایک اور ثبوت سامنے آ گیا ہے، جہاں رمضان المبارک سے قبل شہریوں کو معیاری اور سستی اشیائے خورونوش کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے رمضان المبارک سے پہلے رمضان بچت فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جو 13 فروری سے 15 فروری تک لاہور کے جیلانی پارک میں منعقد ہوگا۔ اس فیسٹیول میں فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سے منسلک تمام متعلقہ محکمے شرکت کریں گے، تاکہ شہریوں کو ایک ہی جگہ پر معیاری اور کم قیمت اشیائے ضروریہ دستیاب ہو سکیں۔
سپیشل اسسٹنٹ ٹو چیف منسٹر سلمیٰ بٹ کا کہنا ہے کہ رمضان کے آغاز سے قبل سستی اور معیاری اشیائے خورونوش کی دستیابی سے ہر طبقے کو ریلیف ملے گا۔ ان کے مطابق فیسٹیول میں روزمرہ استعمال کی تمام ضروری اشیاء عام مارکیٹ کے مقابلے میں 20 فیصد سے زائد رعایت پر فراہم کی جائیں گی۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ فیسٹیول کے دوران اشیائے خورونوش کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں مسلسل نگرانی کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اسٹالز پر دستیاب اشیاء کی کوالٹی اور قیمتوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ صارفین کو معیاری اور محفوظ خوراک فراہم کی جا سکے۔
پنجاب حکومت کے مطابق رمضان بچت فیسٹیول کا مقصد عوام کو مہنگائی کے دباؤ سے ریلیف فراہم کرنا اور رمضان المبارک کے دوران بنیادی اشیائے خورونوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔