پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے پنشن کے حصول کے لیے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے نئے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
سرکلر کے مطابق طبی سہولیات کے لیے انشورنس کمپنی میں رجسٹریشن کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پنشن حاصل کرنے کے لیے بینک میں پنشن بینک اکاؤنٹ کھولنا بھی ضروری ہوگا۔ ریٹائرڈ ملازمین کو متعلقہ بینک سے پنشن بینک اکاؤنٹ ہونے کی تصدیق پر مبنی سرٹیفکیٹ بھی جمع کرانا ہوگا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 30 ستمبر 2023 یا اس سے قبل ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ان احکامات پر 15 فروری سے قبل عملدرآمد کرنا ہوگا۔ رجسٹریشن کے لیے ریٹائرڈ ملازمین کو پی آئی اے میڈیکل سینٹرز پر قومی شناختی کارڈ کے ساتھ بائیو میٹرک کرانا لازمی ہوگا۔
سرکلر کے مطابق جو ریٹائرڈ ملازمین رجسٹرڈ نہیں ہوں گے انہیں پی آئی اے میڈیکل سینٹرز پر طبی سہولیات فراہم نہیں کی جائیں گی۔ مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ 30 ستمبر 2023 یا اس سے قبل ریٹائر ہونے والے ملازمین کو پنشن بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔