بارشیں اور برفباری، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

بارشیں اور برفباری، محکمہ موسمیات  نے الرٹ جاری کردیا

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں اور برفباری  کی پیش گوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔ تاہم گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ شمالی بلوچستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

جمعہ کے روز موسم کی صورتحال کے حوالے سے موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم سرد رہے گا، جبکہ دوپہر کے وقت مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ تاہم چترال، دیر، ایبٹ آباد، ہری پور، بٹگرام، شانگلہ، سوات، کالام، اورکزئی، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، خیبر، پاراچنار، کوہستان اور گردونواح میں چند مقامات پر بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں کہاں بادل برسیں گے ،برفباری کہاں ہوگی،محکمہ موسمیات نے سب بتا دیا

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ شیخوپورہ، نارووال، سیالکوٹ اور گردونواح میں چند مقامات پر صبح کے اوقات میں ہلکی سے درمیانی دھند پڑنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد جبکہ شمالی اضلاع میں جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ صبح کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ بارش اور ہلکی برفباری کی توقع ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *