راولپنڈی کے مضافاتی علاقے میں ہونے والے دھماکے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال پہنچ گئے۔ انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی مریضوں کو خصوصی طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
طلال چوہدری نے طبی عملے سے گفتگو کے دوران زخمیوں کی صحت سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی لی اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرہ افراد کو فوری اور مؤثر علاج فراہم کیا جائے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس ضمن میں کسی بھی سطح پر غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔