مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے بانی پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان سے فیملی اور ذاتی معالج کی فوری ملاقات کروانے کی حمایت کرتے ہوئے حکومت سے انسانی ہمدردی اور قانون کے مطابق اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات سے مطابق نجی ٹی وی پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ کسی بھی بیمار شخص کے ساتھ بے حسی برتنا مناسب نہیں اور نہ ہی کسی کی زندگی کے ساتھ کھیلنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی بیرون ملک علاج کروانا چاہتے ہیں تو حکومت کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے اس کی اجازت دینی چاہیے۔
انہوں نے “15 فیصد بینائی باقی” جیسی رپورٹس کو بنیاد بنانے پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ صحت کا معاملہ سیاست سے بالاتر ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون سب کے لیے یکساں ہے، چاہے وہ وزیر اعظم ہو یا عام شہری۔
جاوید لطیف نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی بانی پی ٹی آئی کو سہولتیں فراہم کی جاتی رہی ہیں اور سیاسی اختلافات کے باوجود انسانی پہلو کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
مزید پڑھیں: عمران خان کی صحت سے متعلق تشویش، فوری میڈیکل بورڈ اور اسپیشلسٹ علاج کا مطالبہ ، فیصل چوہدری

