بنگلا دیش میں انتہائی افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں مسافروں سے بھری بس دریا میں گرنے سے اب تک 24 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں ۔
بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ بدھ کی شام ڈھاکہ سے 100 کلومیٹر دوربھارتی ضلع راجباری کے دولتدیا کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب بس کو ایک فیری پر سوار کیا جا رہا تھا، اسی دوران بس بے قابو ہو گئی اور تقریباً 30 فٹ گہرے پانی میں جا گری۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بس میں تقریباً 50 مسافر سوار تھے، جن میں سے متعدد افراد کو فوری کارروائی کے ذریعے بچا لیا گیا تاہم 24 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حادثے کے بعد کئی مسافر لاپتا بھی ہیں، جن کی تلاش کے لیے غوطہ خوروں کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے، ریسکیو ٹیموں کو خراب موسم، تیز ہواؤں اور بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، حکام کو مزید مسافروں کے لاپتہ ہونے کا خدشہ ہے ۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں ہر سال سڑکوں اور فیری حادثات میں سینکڑوں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔