ایران اور امریکا کے مابین معاہدے کیلئے پاکستان کردار ادا کر رہا ہے ۔رانا ثناءاللہ

ایران اور امریکا کے مابین معاہدے کیلئے پاکستان کردار ادا کر رہا ہے ۔رانا ثناءاللہ

وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور دیگر دوست ممالک ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان معاملات میں بھی کردار ادا کیا ہے۔

ایک نجی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ کچھ ممالک خطے میں منفی کردار ادا کر رہے ہیں، پہلے اس میں اسرائیل شامل تھا اور اب بھارت بھی اس میں شامل ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منفی کردار ادا کرنے والے ممالک چاہتے ہیں کہ خطے میں کشیدگی برقرار رہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران کو یہ پیغام دیا ہے کہ مسلمان ممالک خصوصاً سعودی عرب کو ہدف نہ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاض اور تہران کے درمیان معاملات میں بہتری آتی نظر آ رہی ہے اور پاکستان ترکیہ، قطر اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان سے عرب ممالک جانیوالے مسافروں کیلئے آج کی پروازوں کی صورتحال

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر تیل کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو عالمی معیشتیں دباؤ میں آ جائیں گی اور پاکستان جیسی معیشتوں پر اس کا اثر زیادہ پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی ریاست میں عدم استحکام پیدا ہوتا ہے تو اس کے ہمسایہ ممالک کو بھی مختلف خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی گزشتہ رات ترک صدر سے حوصلہ افزا بات چیت ہوئی ہے۔ افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ افغانستان میں اسلحہ بھارت سے جہازوں کے ذریعے آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ہدف افغانستان میں دہشت گردوں کے تربیتی کیمپس کا خاتمہ تھا اور افواج نے کامیابی کے ساتھ کارروائیاں کیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر عسکری قیادت چاہتی تو کابل تک بھی پیش قدمی کی جا سکتی تھی، تاہم مقررہ اہداف حاصل کرنے کے لیے زیادہ تردد کی ضرورت پیش نہیں آئی اور افغانستان میں تقریباً 95 فیصد اہداف حاصل کر لیے گئے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *