الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کو نااہل کردیا ہے
الیکشن کمیشن نے ایک اہم پیش رفت میں خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی عمومی نشست پر منتخب ہونے والے مراد سعید کو نااہل قرار دیتے ہوئے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے، جس کے نتیجے میں متعلقہ نشست خالی ہو گئی ہے۔ یہ فیصلہ25مارچ 2026 کو جاری ہونے والے باضابطہ اعلامیے میں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ اقدام راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نمبر ایک کے 7 مارچ 2026 کے فیصلے کی روشنی میں اٹھایا گیا، جس میں ریاست بنام عاصم رحمان وغیرہ مقدمہ کے تحت مراد سعید کو دس سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ عدالت کے اسی فیصلے کو بنیاد بنا کر الیکشن کمیشن نے آئینِ پاکستان کے آرٹیکل تریسٹھ کی متعلقہ شق کے تحت انہیں نااہل قرار دیا۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ مراد سعید کو پہلے24 جولائی 2025 کو خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی عمومی نشست پر کامیاب امیدوار کے طور پر نوٹیفائی کیا گیا تھا، تاہم عدالت کی سزا کے بعد وہ اس حیثیت کے اہل نہیں رہے۔ چنانچہ انہیں فوری طور پر ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے اور نشست خالی قرار دے دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ الیکشن کمیشن کے اجلاس میں باقاعدہ غور و خوض کے بعد کیا گیا، جس کے بعد اس کی کاپی صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم، سینیٹ سیکریٹریٹ، صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا سمیت دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی ہے تاکہ آئینی تقاضوں کے مطابق آئندہ کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔