آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے 12 سے 14 فروری تک جرمنی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 62ویں سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر اہم اجلاسوں اور ملاقاتوں میں شرکت کی۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل وچیف آف ڈیفنس اسٹاف نے مختلف عالمی شخصیات اور حکام سے ملاقاتیں کیں، انہوں نے امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے دوران عالمی اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور انسداد دہشت گردی میں تعاون کے موضوعات زیر بحث آئے۔
جرمن حکام کے ساتھ روابط کے سلسلے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جرمنی کے وفاقی وزیر داخلہ Alexander Dobrindt سے ملاقات کی۔
اس کے علاوہ انہوں نے جرمن چانسلر کے خارجہ و سلامتی پالیسی کے مشیر Günter Sautter اور وفاقی مسلح افواج کے سربراہ Carsten Breuer سے بھی ملاقات کی۔
ان ملاقاتوں میں موجودہ سیکیورٹی چیلنجز، دوطرفہ دفاعی تعاون اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے دوطرفہ و کثیرالجہتی مکالمے کی ضرورت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
فیلڈ مارشل وچیف آف ڈیفنس اسٹاف نے برازیل کی مسلح افواج کے جوائنٹ اسٹاف کے سربراہ ایڈمرل Renato Rodrigues de Aguiar Freire کے ساتھ بھی نتیجہ خیز ملاقات کی، جس میں دوطرفہ عسکری تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل Rodolph Haykal نے بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ، اس ملاقات میں عالمی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔
جرمنی کے اس دورے کے دوران ہونے والی ملاقاتوں میں عالمی و علاقائی امن، سیکیورٹی تعاون اور دوطرفہ دفاعی روابط کے فروغ کو مرکزی حیثیت حاصل رہی، یہ دورہ بین الاقوامی سطح پر سیکیورٹی اور دفاعی تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔