حکومت نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی پر اظہارِ اطمینان اور شکرگزاری کے طور پر آئندہ جمعہ کو یومِ تشکر منانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس اہم فیصلے کی منظوری وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی، جس کی صدارت وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کی۔
نجی ٹی وی کے مطابق کابینہ اجلاس میں اس پیش رفت کو خطے میں امن کے قیام کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا، اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم نے ارکانِ کابینہ کو امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے پسِ پردہ رابطوں، مفاہمتی حکمتِ عملی اور مؤثر سفارتکاری کے ذریعے دونوں ممالک کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا،وزیرِ اعظم نے اس موقع پر عسکری قیادت اور سفارتی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا، انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور کوششوں کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے اس عمل میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اسی طرح نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی سفارتی کاوشوں کو بھی سراہا گیا، جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کیا،کابینہ کے شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کی خارجہ پالیسی کی مضبوطی کا مظہر ہے بلکہ اس سے عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوا ہے۔
یومِ تشکر کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقاریب، دعائیہ اجتماعات اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جن کا مقصد امن کے قیام پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔