محکمہ موسمیات نے لاہور اور کراچی میں موسم سے متعلق پیشگوئی کردی ۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں اس وقت موسم معتدل ہے جبکہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ہوا 3 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 53 فیصد ہے ، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے اور موسم زیادہ تر خشک رہے گا۔
دوسری جانب کراچی میں دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے باعث موسم گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ دن میں درجہ حرارت 33 ڈگری تک جا سکتا ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد بتایا گیا ہے جس کے باعث حبس میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
فضائی آلودگی کے حوالے سے بھی تشویشناک اعداد و شمار سامنے آئے ہیں ، جہاں اے کیو آئی کے مطابق کراچی کا فضائی معیار بدستور خراب ہے اور شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں 12 ویں نمبر پر موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 127 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے، جو صحت کے لیے مضر قرار دی جاتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی حالات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر گرمی اور آلودگی سے بچاؤ کے لیے مناسب اقدامات کریں۔