وزارت مذہبی امور نے ملک بھر سے حج پروازوں کا تفصیلی شیڈول جاری کر دیا ہے،نجی ٹی وی کے مطابق وزارت کا کہنا ہے کہ پاکستان سے پہلی حج پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی اور اس کے بعد 34 روز تک عازمین کو حجاز مقدس پہنچانے کا عمل جاری رہے گا۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 468 پروازیں چلائی جائیں گی، جن کے ذریعے 1 لاکھ 19 ہزار عازمین مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کی زیارت کے لیے روانہ ہوں گے، ان میں 67 ہزار 230 مرد اور 51 ہزار 846 خواتین شامل ہیں۔
شیڈول کے مطابق حج آپریشن کے پہلے روز عازمین کو چار پروازوں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا، مدینہ کے لیے کل 186 پروازیں چلائی جائیں گی جبکہ جدہ کے لیے 282 پروازیں مقرر کی گئی ہیں۔
جدہ کے لیے حج پروازیں 4 مئی سے شروع ہوں گی اور مدینہ کے لیے پہلی پرواز 7 مئی کو روانہ ہوگی۔ پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی،حکام کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز، ایئربلیو، ایئر سیال اور سعودی فضائی کمپنی اس حج آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں حج پروازیں ملک کے آٹھ شہروں سے روانہ ہوں گی
وزارت مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے سفری شیڈول اور ضروری دستاویزات کا مکمل جائزہ قبل از پرواز کر لیں تاکہ حج کے دوران کوئی مشکلات پیش نہ آئیں،یہ حج آپریشن ملک میں سالانہ روایتی انتظامات کے تحت بڑے پیمانے پر انجام دیا جا رہا ہے تاکہ ہر عازم کو بلا رکاوٹ مقدس مقامات تک پہنچایا جا سکے۔