میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل، انتظار کے باوجود پی ٹی آئی کا کوئی رہنما نہ پہنچ سکا، عمران خان کا طبی معائنہ شروع

میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل، انتظار کے باوجود پی ٹی آئی کا کوئی رہنما نہ پہنچ سکا، عمران خان کا طبی معائنہ شروع

اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی )  کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا طبی معائنہ شروع کر دیا گیا ہے، تاہم اہل خانہ یا پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی بھی رہنما جیل نہ پہنچ سکا، جس کے بعد میڈیکل ٹیم نے عمران خان کا طبی معائنہ شروع کر دیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے معروف اسپتالوں کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل ٹیم دوپہر ڈھائی بجے سے جیل میں موجود تھی اور پی ٹی آئی قیادت کی نمائندگی کے لیے انتظار کر رہی تھی۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی رہنماؤں کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا تھا تاکہ وہ چیک اپ کے عمل میں بطور مبصر شریک ہو سکیں، تاہم کافی انتظار کے باوجود کوئی نمائندہ جیل نہیں پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں:میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل، انتظار کے باوجود پی ٹی آئی کا کوئی رہنما نہ پہنچ سکا، عمران خان کا طبی معائنہ شروع

اڈیالہ جیل کے اعلیٰ حکام کے مطابق میڈیکل ٹیم میں ہولی فیملی کے ایک ڈاکٹر اور شفا آئی اسپتال کے ڈاکٹرز کے علاوہ مختلف شعبوں کے اسپیشلسٹ ڈاکٹر بھی شامل ہیں جو عمران خان کا مکمل طبی معائنہ کر رہے ہیں۔ چیک اپ میں بلڈ پریشر، شوگر لیول، دل کی دھڑکن، آنکھوں اور دیگر طبی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کا کوئی رہنما مقررہ وقت تک نہ پہنچے تو طبی معائنہ مؤخر نہیں کیا جا سکتا تھا، اسی لیے باقاعدہ طبی معائنے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

میڈیکل ٹیم کے اڈیالہ جیل پہنچنے سے قبل جیل کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد ہے۔ جیل انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ تمام اقدامات قانون اور جیل قواعد کے مطابق کیے جا رہے ہیں اور طبی معائنہ شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا۔

ادر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بھی میڈیا کو بتایا ہے کہ مختلف اسپتالوں کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی، سابق وزیراعظم کا اڈیالہ جیل میں آنکھوں کا معائنہ شروع کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میڈیکل ٹیم ضروری طبی سامان کے ہمراہ اڈیالہ جیل میں موجود ہے جبکہ سابق وزیراعظم کے مکمل طبی معائنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے۔

سپرنٹنڈنٹ کے مطابق ڈاکٹروں کی ٹیم مختلف طبی آلات اور ادویات ساتھ لے آئی ہیں، میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں آنکھوں کا تفصیلی چیک اپ کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ طبی ٹیم کی رپورٹ جلد مرتب کیے جانے کا امکان ہے۔

سیاسی حلقوں میں اس پیش رفت کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے تاحال اس معاملے پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد آئندہ کی حکمت عملی اور ممکنہ طبی اقدامات کا فیصلہ کیا جائے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *