اظہر محمود نے بطور اسسٹنٹ اور بولنگ کوچ پشاور زلمی کو باضابطہ طور پر جوائن کر لیا ہے۔ وہ پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن میں ٹیم کے ساتھ فرائض انجام دیں گے اور کھلاڑیوں کی تربیت میں کردار ادا کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان کی شمولیت ٹیم کے کوچنگ سیٹ اپ کو مزید مضبوط بنائے گی۔اظہر محمود کا شمار پاکستان کے تجربہ کار سابق کرکٹرز میں ہوتا ہے اور وہ بین الاقوامی سطح پر کوچنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
پشاور زلمی کے بولنگ ڈپارٹمنٹ کو مستحکم بنانے کے لیے ان کی تکنیکی مہارت اور تجربہ خاص اہمیت رکھتا ہے، جبکہ نوجوان بولرز کو بھی ان سے سیکھنے کا بھرپور موقع ملے گا۔
دوسری جانب پشاورزلمی کے شائقین اظہر محمود کی آمد کو خوش آئند قرار دے رہے ہیں اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان کی کوچنگ میں ٹیم کی مجموعی
کارکردگی میں واضح بہتری آئے گی۔ زلمی فینز کو توقع ہے کہ پی ایس ایل 11 میں ٹیم ایک متوازن اور مضبوط بولنگ اٹیک کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
اس کے ساتھ ہی پی ایس ایل کے پی کے کے شائقین کے لیے ایک اور خوشخبری بھی ہے کہ وہ اب پشاور میں بھی پاکستان سپر لیگ کے میچز سے لطف اندوز ہوسکیں گے ۔