بدلتی علاقائی صورتحال اور ممکنہ توانائی دباؤ کے پیش نظر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ہفتہ وار تعین کی اصولی منظوری دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور کھپت سے متعلق قائم کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ نے موجودہ صورتحال اور ممکنہ چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کمیٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ہفتہ وار بنیادوں پر طے کرنے کی سفارشات پیش کیں جنہیں وزیراعظم نے منظور کر لیا۔ اس نئے نظام کے تحت آئندہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ ہر ہفتے لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سفارشات مرتب کرے گی، جس کے بعد حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔
اجلاس میں توانائی کے ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لیے دیگر اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ صوبوں سے مشاورت کے بعد تعلیمی اداروں میں ورچوئل نظام تعلیم اور سرکاری و نجی دفاتر کے لیے ورک فرام ہوم سے متعلق تجاویز پیر کے روز پیش کی جائیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ایندھن کے ذخائر کا مؤثر استعمال یقینی بنانا اور توانائی کی طلب میں کمی لانا ہے تاکہ ممکنہ بحران سے بروقت نمٹا جا سکے۔