سندھ حکومت نے شہر قائد میں ایک بار پھر شہریوں کی تفریح کیلیے ڈرائیو ان سینیما بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ ثقافت و سیاحت نوادرات کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکریٹری ثقافت و سیاحت خیر محمد کلوڑ، ڈائریکٹر جنرل ثقافت، ڈائریکٹر جنرل لائبریریز، ڈائریکٹر جنرل گورکھ ہل اسٹیشن، ایم ڈی سیاحت، ڈائریکٹر ڈی ٹی ایس سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر نے وزیراعلی سندھ کی جانب سے جاری کردہ کفایت شعاری ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ کو کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ موجودہ کفایت شعاری مہم کے بعد محکمہ ثقافت و سیاحت کی جانب سے اہم اقدامات کیے جائیں گے، جس کے تحت کراچی میں ڈرائیو ان سینیما دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ کراچی سے سکھر تک ٹرین سفاری کا تیسرا مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد آرٹس کونسلز فعال کرنے پر غور کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں طے کیا گیا کہ وفا ناتھن شاہی لائبریری خیرپور ناتھن شاہ، مورو کلچر سینٹر اینڈ لائبریری، پبلک لائبریری کشمور جلد عوام کیلئے کھول دی جائیں گی جبکہ سندھ حکومت نے گورکھ ہل اسٹیشن پر گورکھ فیسٹیول منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔